اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے وزیرِ اعظم عمران خان کے ساتھ وزیرِ اعظم ہاؤس میں اہم ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے وزیرِ اعظم ہاؤس میں عمران خان سے اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی اور سیاسی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر برائے ہاؤسنگ چوہدری طارق بشیر چیمہ اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے۔
چوہدری شجاعت حسین نے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں خطے اور ملک میں موجودہ سیاسی صورتِ حال میں وزیرِ اعظم کے قائدانہ کردار کی تعریف کی۔
واضح رہے کہ جہاں ایک طرف حکومتی حلیف ملاقاتیں کر رہے ہیں وہیں گزشتہ روز اپوزیشن کی جماعت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی کوٹ لکھپت جیل میں قائد ن لیگ نواز شریف کے ساتھ اہم ملاقات کی۔
خیال رہے کہ ابھی حال ہی میں ق لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان ایک متنازعہ ویڈیو لیک پر اختلافات پیدا ہو گئے تھے جسے وزیرِ اعظم کی خصوصی ہدایت پر دور کیا گیا۔
بلاول بھٹو کی کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات
اختلافات پر 18 جنوری کو مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے وزیر معدنیات پنجاب عمار یاسر نے پارٹی قیادت کو اپنا استعفیٰ بھجوا دیا تھا، تاہم مذاکرات کے بعد انھوں نے استعفیٰ واپس لیا اور ق لیگ کو ایک وزارت بھی دی گئی۔
8 فروری کو باؤ رضوان کے بہ طور صوبائی وزیر حلف اٹھانے کے بعد مسلم لیگ ق کے پاس پنجاب میں اسپیکرشپ اور 3 وزارتیں ہوگئی ہیں اور ق لیگ کا پنجاب میں ایک پارلیمانی سیکرٹری بھی بن گیا ہے۔