پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

وزیراعظم کو کراچی میں ایک ہفتہ رہ کر ہر مسئلہ مانیٹر کرنے کا مشورہ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت نے وزیراعظم عمران خان کو خود کراچی میں ایک ہفتہ رہ کر ہر مسئلے کو مانیٹر اور ہدایات جاری کرنے کی تجویز دے دی۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کراچی کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کراچی جائیں، مسائل اوروقت کا تعین کریں ، دیکھیں کہ ان کے احکامات پر عمل ہوا ہے یا نہیں؟

چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ اکثر لوگ کراچی کی صفائی کےمسئلے پرہاتھ کی صفائی کو ترجیح دیتے ہیں، صفائی نہیں کر سکتے تو گندگی بھی نہ پھیلائیں۔

مسلم لیگ ق کے سربراہ  نے کہا کہ لوگ اقتدارمیں آئےاورچلےگئےلیکن کراچی سیاسی بیان بازی کی نذررہا، گورنر راج بھی رہا ،میئر اور ایڈمنسٹریڑ بھی تعینات رہے ، افسوس ایک دوسرے پر الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں کیا گیا، سب ایک دوسرے پرالزامات لگا کربری الذمہ ہوتے رہے اور ہمیشہ اقتدار اور اختیارات کا رونا رویا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے اہم مسائل میں گندے اورصاف پانی کا مسئلہ نمایاں ہے، عملی طور پر شہر کی بجائے اپنی صفائی کو اہمیت دی گئی، اکثر لوگ کراچی کی بجائے ہاتھ کی صفائی دکھاتے ہیں۔

چوہدری شجاعت نے مزید کہا کہ کراچی میں ختیارات کامطلب صرف پیسے ہیں، کبھی صفائی کا مسئلہ کھڑا ہو جاتا ہے،کبھی بارشی کبھی پینے کےپانی کا ، میئر سے پوچھیں تو وہ کہتے ہیں میرے پاس اختیارات نہیں۔

سربراہ مسلم لیگ ق کا کہنا تھا کہ جب بات حد سے بڑھ جاتی ہے تو پھر فوج سے درخواست کی جاتی ہے ، تجویز ہے وزیر اعظم خود کراچی میں ایک ہفتہ رہیں اور کراچی کےہر مسئلےکوخود مانیٹراورہدایات جاری کریں۔

انھوں نے مزید کہا کہ بر سال کراچی ڈوب جاتاہےلیکن بیانات آتے ہیں فلاں نےکراچی ڈبو دیا، مسئلہ اختیارات نہیں بلکہ انتظامی امور کی پالیسی بنانا ہے، ارجنٹینا کی وزیراعظم صفائی والےکپڑےپہن کرگلیوں کی صفائی کرتی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں