لاہور: مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ آج کل سیاست فوج موضوع بحث بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں سینیٹر کامل علی آغا، جواد بھلی، شافع حسین، رضوان ممتاز شامل تھے۔
چوہدری شجاعت نے کہا کہ سوال اٹھایا جارہا ہے کہ فوج کا سیاست میں کردار ہونا چاہئے یا نہیں، سیاست کا ڈکشنری میں مطلب اصلاح احوال ہے اس کا مطلب سیاسی، معاشی، سماجی حالات درست کرنا ہے، ملکی سلامتی کیلئے لازم ہے فوج، حکومت باہمی اتفاق رائے سے فیصلہ کریں۔
انہوں ںے کہا کہ سیاسی مقاصد کیلئے دفاعی اخراجات کو جواز بنا کرسیاست چمکانا غیرذمہ دارانہ رویہ ہوگا، افسوس ایسے افراد قومی مفاد مدنظر رکھنے کےبجائے جلسوں میں تالیاں بجواتے ہیں اور ایسےافراد ملک دشمن قوتوں کو خوش ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
ق لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومت ملکی سلامتی، بقا یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے، ضرورت پڑے تو آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئےایجنسیوں کو مدد کیلئے طلب کرے۔
چوہدری شجاعت نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام مالی ودیگر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ حکومت معاملات سلجھانے میں ناکام ہوجاتی ہے توملکی سلامتی کو خطرات ہو سکتے ہیں، حکومت کی ناکامی پرفوج، ایجنسیزملک کو ایسےخطرات سے نکالنے کی ذمہ دار ٹھہرائی جائیں گی۔