کراچی : کراچی چمبر کے صدر افتخار شیخ نے حکومت کی جانب سے صنعتوں کے لئے موسم سرما میں سستی بجلی پیکیج پر آمادگی کا خیر مقدم کیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر افتخار احمد شیخ نے وفاقی حکومت کی جانب سے صنعتوں کو موسم سرما میں اضافی کھپت پر سستی بجلی کی فراہمی پر آمادگی کا خیرمقدم کیا۔
افتخار شیخ نے روز دیا کہ کھپت کی بنیاد پر صنعتی بجلی ٹیرف کو حتمی شکل دینے کیلئے آن بورڈ لیا جائے اور کاروباری لاگت میں کمی کیلئے کراس سبسڈی فوری طور پر ختم کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی سیکریٹری نے اضافی کھپت کے لیے 7 ارب جاری کرنے کا وعدہ کیا تھا، 7ارب کےاجراکےمعاملےپرایک ماہ سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اور کے الیکٹرک نے 7 ارب سےمتعلق کوئی ایڈجسٹمنٹ اب تک نہیں کی۔
صدر کے سی سی آئی نے وفاقی سیکرٹری وزارت توانائی راشد محمود لنگڑیال کے کراچی چیمبر کےدورے کے حوالے سے کہا کہ کے سی سی آئی نے 18 روپے فی کلو واٹ کی رعایتی بجلی ٹیرف پر اصرار کیا تھا لیکن کافی سوچ بچار کے بعد اصولی طور پر موسم سرما میں بڑھتی ہوئی کھپت پر 20 روپے فی کلو واٹ بجلی کے رعایتی ٹیرف پیش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔