منگل, دسمبر 24, 2024
اشتہار

وزارت تعلیم نے نقل کرانے والے 7 بڑے گروپوں کا پتا لگا لیا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: صوبہ پنجاب میں نقل مافیا کے کھلے راج نے نظام تعلیم کو ہلا کر رکھ دیا ہے، ایک دن میں نقل کا مسلسل چوتھا بڑا کیس سامنے آ گیا ہے، وزارت تعلیم نے ایکشن میں آ کر نقل کرانے والے 7 بڑے گروپوں کا پتا لگا لیا۔

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بوٹی مافیا کے خلاف تابڑ توڑ چھاپے شروع کر دیے ہیں، آج تیسرے دن بھی انھوں نے امتحانی مراکز پر چھاپے مارے، اور ایک بڑے چھاپے کے دوران گورنمنٹ گریجویٹ کالج سبزہ زار میں نقل کرواتے عملہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، جہاں نگران عملے کی اجازت سے نقل کا بازار گرم تھا۔

وزیر تعلیم نے دی پنجاب اسکول پی آئی اے سوسائٹی میں امیدواروں سے پیسے طلب کرنے والے نگران عملے کو پکڑ لیا، جہاں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ ہی نگران بنے بیٹھے تھے، سول لائنز کالج کے علاوہ ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن میں بھی عملہ نقل کراتے پکڑا گیا، سپرنٹنڈنٹ سمیت 4 افراد کو نقل کرانے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

- Advertisement -

طلبہ کی گواہیاں

نگراں امتحانی عملے کے خلاف طلبہ کی گواہیاں بھی سامنے آ گئی ہیں، طلبہ نے بتایا کہ عملہ پیپر حل کرانے کے لیے ان سے پیسے مانگتا ہے، نگراں عملہ امیدواروں کو اپنا رابطہ نمبر دے کر پیسے بھیجنے کا کہتا ہے۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بتایا کہ امیدواروں سے 4،4 ہزار روپے مانگے گئے، اب بوٹی مافیا کے خلاف مانیٹرنگ کا دائرہ کار بڑھا رہے ہیں۔

وزیر تعلیم پنجاب نے بتایا ’’میں نے کچھ دن پہلے ہی چارج سنبھالا ہے، مجھے یقین ہے کہ ان سینٹرز میں نقل کئی سال سے جاری ہے، جو بچے نقل نہیں کرنا چاہتے انھیں بھی تنگ کیا جاتا ہے، ہم نے نقل کرانے والے 7 بڑے گروپوں کا پتا لگا لیا ہے۔‘‘

انھوں نے عزم کا اظہار کیا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے گی، ان کے خلاف مضبوط ایف آئی آر درج کر کے مثال بنایا جائے گا، نقل مافیا نے پنجاب میں سندھ جیسی صورت حال پیدا کی ہوئی ہے، گزشتہ 5 سال میں نقل مافیا کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

رانا سکندر کے مطابق گریڈ 9 کا بچہ بھی انویجلیٹر بنا ہوا ہے، اور اس سلسلے میں کوئی طریقہ کار موجود نہیں ہے، کس طرح چھوٹی جماعت کا بچہ بڑی جماعت کا پیپر لے سکتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ میٹرک کے بچوں کا امتحان انٹر کے انویجیلیٹرز لے رہے ہیں، دوسرے شہروں سے تعلق رکھنے والے پرائیویٹ انویجیلیٹرز خود طالب علم نکلے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے بتایا کہ چیکنگ کی گئی تو امیدواروں کے پرچے بھی آپس میں تبدیل پائے گئے، عملہ خود آ کر پرچہ حل کروانے میں مدد اور پیسوں کی پیشکش کر رہا ہے، معلوم ہوا کہ طلبہ سے 5 سے 10 ہزار روپے مانگے جاتے تھے۔

Comments

اہم ترین

حسن حفیظ
حسن حفیظ
حسن حفیظ ایک نوجوان صحافی ہیں اور اے آر وائی نیوز لاہور کے لئے صحت، تعلیم اور ایوی ایشن سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں

مزید خبریں