اسلام آباد: وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں چیتے کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مارگلہ ہلز آنے والے اندھیرا ہونے پر جنگل جانے سے گریز کریں۔
تفصیلات کے مطابق وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں 5 چیتوں کی موجودگی کی تصدیق کی ہے، چیتے کی موجودگی کی 31 جنوری کو کھینچی گئی تصویر بھی جاری کر دی گئی۔
وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ شہزادی نامی مادہ چیتا کی مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں مستقل رہائش پائی گئی ہے، اس چیتے کی رہائش مارگلہ ہلز ٹریلز 4 اور 6 کے درمیان ہے۔
مادہ چیتے کی تصاویر وائلڈ لائف بورڈ کے لگائے گئے کیمروں نے بنائی ہیں، بورڈ کا کہنا ہے کہ چیتے کی موجودگی کی تصاویر 31 جنوری کو کھینچی گئی تھیں، مارگلہ ہلز میں 5 چیتے موجود ہیں۔
چیئر پرسن وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ رانا سعید خان نے بتایا کہ چیتے دن کے اوقات میں ہائیکنگ ٹریکس پر آنے سےگریز کرتے ہیں، اور چیتے کے زیادہ تر حملے اپنے دفاع کے لیے ہوتے ہیں، جانتے بوجھتے چیتے کا حملہ بہت کم ہوتا ہے۔
رانا سعید کا کہنا تھا مارگلہ ہلز میں چیتے کی موجودگی کی جگہوں پر وارننگ سائنز آویزاں کر دیے گئے ہیں، مارگلہ ہلز آنے والے اندھیرا ہونے پر جنگل میں جانے سے گریز کریں، اور یہاں گروپس کی صورت میں ہائیکنگ کی جائے، ہائیکنگ کے لیے مارگلہ ہلز جانے والے سورج غروب ہونے سے آدھاگھنٹہ پہلے واپس آ جائیں۔
انھوں نے تنبیہ کی ہے کہ اندھیرا چھانے کے بعد چیتے ٹریک پر آ سکتے ہیں۔
وزیر اعظم کے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں چیتے کی موجودگی ایکو سسٹم کی بہتری کی علامت ہے، اسلام آباد کے شہری اس بات پر فخر محسوس کر سکتے ہیں۔
انھوں نے کہا خطرے سے دوچار جانوروں نے مارگلہ میں مستقل رہائش اختیار کی ہے، چیتے کا شکار کرنا یا انھیں نقصان پہنچانا غیر قانونی ہے۔