کھانا کھانے کے دوران غذا کو آہستہ آہستہ چبانا نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے کے ساتھ دیگر فوائد کا بھی حامل ہوتا ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ لکڑی کی اسٹک چبانا بھی دماغی صحت کیلیے مفید ہے۔
یہ بات تو سب کے علم میں ہے کہ چیونگم چبانے سے دماغ میں خون کے بہاؤ میں بہتری آتی ہے، لیکن اب جنوبی کوریا کے محققین نے دریافت کیا ہے کہ دماغ کی صحت کے لیے لکڑی چبانا بھی فائدہ مند ہو سکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق لکڑی جیسے سخت مادے کو چبانے سے انسانی دماغ میں قدرتی طور پر پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹ کی سطح بڑھ جاتی ہے جس کے نتیجے میں انسان کی یادداشت بہتر ہوتی ہے۔
سائنس الرٹ ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق اس سلسے میں کی جانے والی حالیہ تحقیق کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ لکڑی کی اسٹک کو پانچ منٹ تک چبانے سے دماغ میں بنیادی اینٹی آکسیڈینٹ گلوٹاتھیون کی سطح بڑھ جاتی ہے جو آکسیڈیٹیو تناؤ سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اس مطالعہ کے لیے جنوبی کوریا کے52 صحت مند یونیورسٹی طلباء کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا جس میں سے27 کو چیونگم دی گئی اور باقی25 طلبا کو لکڑی کی اسٹکس دی گئی تھیں۔
جرنل فرنٹیئرز ان سسٹمز نیورو سائنس میں شائع رپورٹ کے مطابق مطالعہ کے مصنفین کا کہنا ہے کہ یہ پہلی رپورٹ ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ چبانے سے انسانی دماغ میں اینٹی آکسیڈنٹس کی سطح تبدیل ہو سکتی ہے اور دماغی اینٹی آکسیڈنٹ کی سطح میں اضافہ علمی افعال سے منسلک ہے۔