گلیوں میں پھرنے والے اکثر کتے اور بلیاں کسی جانور کے حملے میں زخمی ہوجاتے ہیں، اور بہت کم جانور ایسے ہوتے ہیں جنہیں کوئی مہربان شخص مل جائے جو ان کے زخموں کو ٹھیک کردے۔
جنوبی کوریا کا چی چی بھی ایسا ہی خوش نصیب کتا تھا جس کے پاؤں زخمی ہونے کے بعد اسے کچرے میں پھینک دیا گیا تاہم ایک مہربان جوڑا اس زخمی کتے کو اپنے گھر لے آیا اور اس کی دیکھ بھال کرنے لگا۔
آہستہ آہستہ کتے کے زخم تو ٹھیک ہوگئے تاہم وہ اب بھی چلنے پھرنے میں تکلیف کا شکار تھا، لیکن اس کا حوصلہ اور عزم جوان تھا اور وہ مسلسل چلنے کی کوششیں کر رہا تھا۔
اس کے زندہ رہنے کے جذبے کو دیکھتے ہوئے اس کا نگہبان جوڑا اسے امریکا لے آیا۔ وہاں چی چی کے لیے مصنوعی پاؤں نما جوتے تیار کیے گئے جو اسے چلنے پھرنے میں مدد دے سکتے تھے۔
ہر روز صبح چی چی کا نگہبان جوڑا اسے موزے اور جوتے پہنا کر تیار کرتا ہے جس کے بعد دن بھر وہ بھاگ دوڑ کرتا ہے۔ ان جوتوں کی مدد سے اس کی زندگی نہایت آسان ہوگئی ہے اور وہ دیگر کتوں کے ساتھ کھیل اور بھاگ دوڑ کر سکتا ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔