بدھ, مارچ 26, 2025
اشتہار

آج کا افطار : ’چکن چیز رول‘ نئے ذائقے کے ساتھ

اشتہار

حیرت انگیز

ماہ رمضان میں خواتین کی ہر ممکن کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے کچن میں ایسے پکوان بنائیں جس کا ذائقہ تمام اہل خانہ کو پسند آئے، اس کیلیے چکن چیز رول سے بہتر شاید ہی کوئی شے ہو۔

آج ہم نے آپ کی یہ مشکل کسی حد تک آسان کردی ہے کیونکہ آج کی افطاری کیلئے ایک بے حد ذائقے دار اور مزے دار چیز بنانے کی ترکیب آپ کیلئے پیش خدمت ہے، تاکہ افطار دسترخوان کا لطف دوبالا ہوجائے۔

جی ہاں !! آج ہم آپ کو مزیدار ’چکن چیز رول‘ بنانے کی ترکیب بتائیں گے جسے کھانے کے بعد سب انگلیاں چاٹتے ہوئے آپ کے ہنر کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکیں گے۔

chicken roll

اجزاء :

: چکن بریسٹ آدھا کلو، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک بڑا چمچہ، چیڈر چیز سو گرام، درمیانی پیاز ایک عدد، کالی مرچ کٹی ہوئی آدھا چھوٹا چمچہ، مسٹرڈ پیسٹ آدھا چھوٹا چمچہ، سرکہ 2 چھوٹے چمچے، چلی ساس 2 چھوٹے چمچے، سویا سوس 2 چھوٹے چمچے، اجوائن آدھا چھوٹا چمچہ، ہری مرچ 3 سے 4 عدد، ہرا دھنیا آدھی گڈی، ڈبل روٹی کے سلائس 3 عدد، انڈے 2 عدد، ڈبل روٹی کا چورا حسب ِضرورت، میدہ 2 بڑے چمچے، کارن فلور 2 بڑے چمچے، نمک حسب ضرورت، تیل حسبِ ضرورت۔

بنانے کی ترکیب:

فرائنگ پین میں ایک بڑا چمچہ تیل ڈال کر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ شامل کرکے درمیانی آنچ پر ایک سے 2 منٹ تک فرائی کریں، پھر اس میں چکن کی چھوٹی چھوٹی بوٹیاں ڈال دیں اور ڈھانک کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔

جب چکن کا پانی خشک ہو جائے تو اس میں نمک، سرکہ، سویا سوس اور چلی سوس ڈال کر ایک سے 2 منٹ تک پکا کر چولہا بند کردیں۔

چاپر میں ڈبل روٹی کے سلائس، ہرا دھنیا اور ہری مرچ ڈال کر چاپ کریں، اس کے بعد اس آمیزے کو چاپر سے نکال کر اس میں کالی مرچ اجوائن مسٹرڈ پیسٹ اور ایک پھینٹا ہوا انڈا شامل کریں اور اچھی طرح ملا لیں۔

چیز کو اسٹک کی طرح کاٹ لیں اور چکن کے آمیزے کا تھوڑا سا حصہ ہاتھ میں رکھیں اور اس کے درمیان میں چیز اسٹک رکھ کر رول بنا لیں۔

انڈے کو پھینٹ کر اس میں میدہ اور کارن فلور ملا لیں، رول کو پہلے انڈے کے مکسچر میں ڈپ کریں، پھر ڈبل روٹی کا چورا لگا کر کڑاہی میں گرم آئل میں سنہری فرائی کرلیں۔

مزیدار چکن چیز رول تیار ہیں، اب انہیں کیچپ کے ساتھ افطار کے دسترخوان پر سجائیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں