جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

مونگ پھلی اور لہسن کھانے کی شوقین مرغی نے ایک دن میں 31 انڈے دے دیے

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں مونگ پھلی اور لہسن کھانے کی شوقین مرغی نے ایک دن میں 31 انڈے دے کر سب کو حیران کر دیا، مرغی مکمل طور پر صحت مند ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مرغی کے مالک گریش چندر کا کہنا ہے کہ ان کے بچوں کو مرغیاں پالنے کی خواہش تھی اور وہ کہیں سے 2 چوزے خرید کر لائے تھے۔

گریش چندر کا کہنا ہے کہ ان کے بچوں نے چوزوں کو بہت محبت سے پالا اور تمام گھر والے ان کی خوراک کا بھی بے حد خیال رکھتے ہیں کہ وہ بھوکے نہ رہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ اتوار کو ان کے بچوں نے بتایا کہ ایک مرغی نے 5 انڈے دیے ہیں، یہ حیران کن بات تھی کہ ایک مرغی اتنے کم وقت میں ایک ساتھ 5 انڈے دے۔

شام میں سب مزید حیران رہ گئے جب مرغی 10 سے 15 منٹ کے وقفے سے 10، 10 انڈے دینے لگی، رات 10 بجے تک اس نے پورے 31 انڈے دے ڈالے۔

گریش کا کہنا تھا کہ انہیں شک ہوا کہ شاید مرغی بیمار ہوگئی ہے لیکن ڈاکٹر کو دکھانے پر علم ہوا کہ وہ مکمل طور پر صحت مند ہے۔

ان کے مطابق مرغی کو مونگ پھلی کھانے کا بہت شوق ہے، وہ ایک دن میں تقریباً 200 گرام مونگ پھلی کھا جاتی ہے اور گھر والے خاص طور پر اس کے لیے مونگ پھلی منگواتے ہیں، علاوہ ازیں لہسن بھی اس کی روزانہ کی خوراک میں شامل ہے۔

گریش کا کہنا ہے کہ اس کی حتمی وجہ تو کوئی ماہر ہی بتا سکتا ہے تاہم انہیں لگتا ہے کہ اس کی وجہ خاص خوراک اور سب گھر والوں کا پیار ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں