بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

مرغی کا گوشت 500 روپے کلو کیسے ہوا؟ حکومت کو سینیٹرز کے ریٹ معلوم، مرغی کے نہیں

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ملک بھر میں مرغی کی قیمت کی چھری غریب کی جیب پر چلنے لگی ہے، کراچی میں مرغی کاگوشت 500 روپے کلو تک پہنچ گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مہنگائی نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے، کھانے پینے کی روز مرہ کی اشیا کے ساتھ ساتھ مر غی کے گوشت کی قیمتوں میں بھی اچانک اضافے نے مرغی کا گوشت عوام کی پہنچ سے باہر کر دیا ہے۔

ملک بھر میں مرغی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، عوام سوال کرنے لگے ہیں کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں کہاں سوئی ہیں؟ ادھر شہری انتظامیہ نے کبوتر کی طرح آنکھیں بند کر رکھی ہیں، کراچی سمیت دوسرے شہروں میں بھی حال برا ہے۔

دوسری طرف پولٹری فارمرز کا کہنا ہے کہ مرغیوں کی خوراک دگنی مہنگی ہوگئی ہے چکن تو مہنگا ہوگا، دکان داروں کا الگ رونا ہے کہ شہری سپلائی مہنگی ہے، سستا گوشت کیسے بیچیں۔

شہری کہتے ہیں سینٹ میں ووٹوں کی لگنے والی قیمت کا تو پھر پتا چل جاتا ہے مگر مہنگائی کہاں جا کر رکے گی کوئی بتانے کو تیار نہیں، خریدار دہائی دینے لگے ہیں کہ حکومت کو سینیٹرز کے ریٹ معلوم ہیں، مرغی کے نہیں۔

واضح رہے کہ اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے کا نیا ریکارڈ بن رہا ہے، روز مرہ کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اچانک اضافہ متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

اسلام آباد میں مرغی کا گوشت 460 روپے، لاہور میں 365 روپے کلو ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے خریدار ٹھنڈی آہ بھر کر سبزی خریدنے پر مجبور ہو چکے ہیں، کوئٹہ ہو یا سکھر یا فیصل آباد، چکن کو ہر جگہ پر لگ گئے ہیں۔

تاہم عوام نے سوال اٹھایا ہے کہ ملک میں سیلاب آیا نہ قدرتی آفت، پھر مرغی کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ کیوں کیا گیا؟ کیا کوئی پوچھنے والا نہیں؟

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں