ملک بھر میں مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آگیا۔ مرغی کے ساتھ ٹماٹر، آلو اور پیاز کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے۔ قیمتوں میں ہوش ربا اضافے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ملک بھر میں ناجائز منافع خوروں نے مرغی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا ہے۔ حکومتی نرخ 190 روپے مقرر ہونے کے باوجود مختلف شہروں میں مرغی کی قیمت ساڑھے 3 سو روپے فی کلو تک وصول کی جارہی ہے۔
مرغی کے ساتھ سبزیاں بھی مہنگی کردی گئی ہیں۔ قلت کے سبب ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمت کو بھی پر لگ گئے ہیں۔ ادارہ برائے شماریات کے مطابق ٹماٹر کی قیمت میں انسٹھ فیصد اضافہ ہوا۔
مزید پڑھیں: گزشتہ ماہ مہنگائی میں اضافہ
مختلف شہروں میں ٹماٹر 115 روپے سے لے کر 150 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ لہسن، ادرک، آلو، پیاز اور ہری مرچ کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔
وزیر اعظم نے ہوش ربا مہنگائی کا نوٹس لیا ہے تاہم عوام ابھی بھی قیمتوں میں کمی کے منتظر ہیں۔