اسلام آباد:چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور 2 ارکان کی مدت ملازمت آج ختم ہوگئی ہے، 45 روز میں نئے سربراہ کا انتخاب کیا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق سکندر سلطان راجہ کی مدت اختتام کو پہنچ چکی ہے اور الیکشن کمیشن قوانین کے مطابق 45 روز میں نئے چیف الیکشن کمشنر کا انتخاب ضروری ہے، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں اب تک مشاورتی عمل شروع نہ ہوسکا ہے۔
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کام جاری رکھیں گے، چیف الیکشن کمشنر کا تقرر آئین کے مطابق کیا جائےگا۔
26ویں ترمیم کے تحت نئی تعیناتی تک چیف الیکشن کمشنر کام جاری رکھیں گے، سندھ اور بلوچستان کے ممبر بھی نئے ممبران کی تعیناتی تک کام جاری رکھیں گے۔
ذرائع نے نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر اتفاق ہونے پر 3 نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجیں گے۔
اختلاف ہونے پر وزیراعظم، اپوزیشن لیڈر اپنے 3، 3 نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجیں گے، پارلیمانی کمیٹی نئے الیکشن کمشنر کا انتخاب کرے گی۔