اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے حلف اٹھا لیا، چیف جسٹس گلزار احمد نے چیف الیکشن کمشنر سے حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، 24 جنوری کو سکندر سلطان راجہ کو پانچ سال کے لیے چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر نے حلف اٹھانے کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں صاف و شفاف انتخابات ان کی ذمہ داری ہے، جب بھی الیکشن ہوں گے شفافیت اوّلین ترجیح ہوگی۔
سکندر سلطان راجہ نے ایک استفسار پر کہا کہ انتخابات کا انعقاد کب ہوگا اس کا ان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ ووٹ کی عزت کو یقینی بنائیں گے؟ انھوں نے جواب دیا کہ جی ووٹ کی عزت کو یقینی بنائیں گے، شفاف الیکشن میری ترجیحات میں شامل ہے۔
سکندرسلطان راجہ 5 سال کیلئے چیف الیکشن کمشنر مقرر، نوٹیفکیشن جاری
خیال رہے کہ 24 جنوری کو جاری شدہ نوٹیفکیشن کے مطابق سکندر سلطان راجہ 5 سال کے لیے چیف الیکشن کمشنر مقرر کیے گئے ہیں، جب کہ سندھ سے نثار درانی اور بلوچستان سے شاہ محمود جتوئی کو رکن الیکشن کمیشن تعینات کیا گیا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن نے طویل ڈیڈ لاک کے بعد چیف الیکشن کمشنر کے لیے سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق کیا تھا۔
واضح رہے کہ چیف الیکشن کمیشن سردار رضا خان 6 دسمبر 2019 کو ریٹائر ہوئے تھے اور ان کی جگہ جسٹس (ر) الطاف قریشی قائم مقام الیکشن کمشنر کے فرائض انجام دے رہے تھے۔