اسلام آباد : سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے غیر فعال ہونے کا نوٹس لے لیا۔ چیف جسٹس نے ممبران کی فوری تقرری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو کام کرنے کے ہیں وہ نہیں ہورہے۔ فرینڈلی فائرز کئے جارہے ہیں، مردم شماری بھی نہیں ہو رہی، تقرری کے لئے الیکشن کمشین کےارکان نہیں مل رہے!
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کےغیر فعال ہونے کا نوٹس لے لیا ہے۔ میئر، ڈپٹی میئرز اور چیئرمین کے انتخابات مؤخر ہونے سے متعلق ایم کیوایم کی درخواست کی سماعت کے موقع پر عدالت عظمیٰ برہم ہوگئی۔
چیف جسٹس نے حکومت کو مقررہ آئینی مدت کے دوران نئے ارکان کی تقرری کی ہدایت کردی، چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن نامکمل ہو اور کام بھی رکا رہے ایسا ہرگز نہیں چلےگا۔ چھ ماہ تک یہ تماشا نہیں دیکھ سکتے۔
چیف جسٹس کا اپنے ریمارکس میں مزید کہنا تھا کہ ملی بھگت کے تحت کام چلایا جا رہا ہے، مردم شماری تک نہیں ہورہی۔ فرینڈلی فائرز کیے جا رہے ہیں۔
سال دو ہزار آٹھ میں مردم شماری ہونا تھی لیکن وہ بھی نہیں ہوئی اور مرد م شماری کا بھی ازخود نوٹس لیا ہے، جمعرات کو الیکشن کمیشن کی تکمیل اورمردم شماری کیسز کی سماعت ساتھ ہوگی۔