اسلام آباد : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاک فوج کے بارے میں جسٹس کھوسہ نے بردباری اور دانشمندی کا ثبوت دیا، میرا بس چلے تو چیف جسٹس کو3سال کی توسیع دوں، حکومت نے بحران کو سمجھداری سے معاملے کو حل کیا۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، شیخ رشید نے کہا کہ چینی صدر نے کہا تھا کہ زندگی میں ایک ہی آرمی چیف سے ملاقات کی جس کا نام جنرل قمر جاوید باجوہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون کو تیز کرنے میں بھی آرمی چیف کا بھی کردار ہے، بحران تھا لیکن حکومت نے سمجھداری سے معاملے کو حل کیا،ادارے کی کوئی بے توقیری نہیں ہوئی، ہماری غلطی تھی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سمری پر رات ڈیڑھ بجے میں نے دستخط کیے، رات ڈیڑھ بجے جگایا گیا، کہا گیا سمری پر دستخط کرنے ہیں،چیف جسٹس کا فین ہوں مجھے یقین تھا وہ مسئلہ حل کرلیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ میرا بس چلے تو چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کو3سال توسیع دوں، ججز ریٹائرمنٹ کی مدت میں اضافے کا سب سے بڑا حامی ہوں، چاہتا ہوں سپریم کورٹ کے ججز کی مدت ملازمت بھی بڑھائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سارے معاملات ٹھیک ہوگئے ہیں جو نومبر دسمبر کی بات کررہے تھے اب مارچ کی کررہے ہیں اور مارچ بھی سر پر کھڑا ہے، پاک فوج کے بارے میں جسٹس کھوسہ نے بردباری اور دانشمندی کا ثبوت دیا ہے، چھ ماہ میں آرمی ایکٹ بھی ٹھیک ہوجائے گا اور اسمبلی سے پاس بھی ہوجائے گا۔