اسلام آباد: سابق چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس سجاد علی شاہ نے سپریم کورٹ کے جج کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ ان کی جگہ جسٹس احمد علی ایم شیخ نے بھی سندھ ہائیکورٹ کے 23 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس سجاد علی شاہ کی تقریب حلف برداری سپریم کورٹ میں ہوئی۔ تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل اور سینئر وکلا شریک ہوئے۔
جسٹس سجاد علی شاہ سپریم کورٹ کے جج تعینات ہونے سے قبل چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے تھے۔ جسٹس سجاد علی شاہ کی تقرری کی سفارش جوڈیشل کمیشن اور پارلیمانی کمیٹی نے دی تھی۔
نئے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی حلف برادری
دوسری جانب چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی حلف برداری کی سادہ و پروقار تقریب ہائیکورٹ میں منعقد ہوئی۔ جسٹس احمد علی ایم شیخ نے سندھ ہائیکورٹ کے 23 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔
تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ہائی کورٹ کے ججز اور وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جسٹس احمد علی ایم شیخ 3 اکتوبر سنہ 1961 کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے لاڑکانہ میں گریجویشن تک تعلیم حاصل کی، بعد ازاں شاہ لطیف یونیورسٹی سے ایل ایل بی کیا اور 1990 میں بطور وکیل پریکٹس شروع کی۔
جسٹس احمد علی ایم شیخ 1994 سے 1995 کے دوران لاڑکانہ بار کے سیکریٹری اور نائب صدر بھی رہے۔ بعد ازاں وہ ہائیکورٹ بار لاڑکانہ کے صدر بھی منتخب ہوئے۔