لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واٹر میٹرز لگانے کی منظوری دے دی، پروگرام پر 10 ارب 30 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت پرائیوٹ پارٹنرشپ پالیس، مانیٹرنگ بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں لاہور میں واٹر میٹرز لگانے کی منظوری دے دی، پروگرام پر 10 ارب 30 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
اجلاس میں لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کے منصوبے کے ایگریمنٹ پر دستخط کی منظوری دی گئی، معاہدے پر رواں ماہ دستخط ہوں گے، 10 ارب لاگت آئے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 500 بستروں پر مشتمل 10 نئےاسپتال بنائے جائیں گے، ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی گئی۔
سردار عثمان بزدار نے زیرو ویسٹ مٹیریل ریکوری فسیلٹی کی تجویز پرعملدرآمد نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فائل کو ادھرادھر گھمانے سے کام نہیں چلے گا، مجھے آئندہ اجلاس میں اس پر پیش رفت چاہیئے۔
یاد رہے کہ تین روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کسی کو میرٹ کے خلاف کام کرنے دیا ہے اور نہ کرنے دوں گا۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی میرے دست و بازو ہیں، منتخب نمائندوں کی عزت پر حرف نہیں آنے دوں گا۔