اتوار, جون 23, 2024
اشتہار

وزیراعلیٰ پنجاب کا صوبے بھر میں دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جنرل اسٹورز ، کریانہ دکانیں صبح 8 سے رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت کرونا کی روک تھام کے لیے قائم کابینہ کمیٹی کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں کرونا کی روک تھام کے اقدامات،مریضوں کے علاج کی سہولتوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فوڈ سپلائی چین کے حوالے سے امور پر بھی غور کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جنرل اسٹورز ، کریانہ دکانیں صبح 8 سے رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی، فیصلے پر عملدرآمد کل سے ہوگا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کو نقل و حمل کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، مسافر بردار گاڑیوں پر پابندی برقرار رہے گی۔انہوں نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں چیکنگ کا نظام سخت کرنے کی ہدایت کی۔

سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کرونا سے متعلق حساس علاقوں کی نشاندہی کر کے ایس اوپیز پرعمل کیا جائے،کرونا کیس والے علاقوں میں نقل وحرکت کو محدود کیا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آٹے سمیت اشیا ضروریہ کی دستیابی یقینی بنائی جائے، انتہائی غریب افراد کے لیے معاشی پیکیج تیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرخزانہ کی سربراہی میں قائم کمیٹی کل اس ضمن میں بریفنگ دےگی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کرونا کے ٹیسٹ کے لیے کٹس کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی اور رینجرز کے کردار کو بھی سراہتے ہیں، ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں