لاہور: وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عوام کی فلاح کے منصوبوں کی بروقت تکمیل ہماری ترجیحات ہیں، ہمارا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے نئے چیف سیکرٹری پنجاب اعظم سلیمان خان نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اعظم سلیمان کو تعیناتی کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے شفافیت، کرپشن فری کلچرکی پالیسی اپنائی، عوام کی فلاح کے منصوبوں کی بروقت تکمیل ہماری ترجیحات ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ہے، صوبے میں میرٹ کے کلچرکو فروغ دینا ہے، انتظامیہ غیرجانبدار رہ کر فرائض سرانجام دے، میری تمام تر سپورٹ انتظامیہ کے ساتھ ہوگی۔
بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے ملاقات کے دوران امن وامان، عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری، اولین فرض ہے، پولیس کو بہترامن کے لیے جانفشانی سے فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پولیس کو قیام امن کے لیےعوام کی توقعات پر ہر صورت پورا اترناہوگا، قیام امن، جرائم کے سدباب کے لیے وسائل کی فراہمی میں کمی نہیں آنے دی جائے گی۔