کراچی: شہرقائد میں پتنگ کی ڈور نے ایک اور زندگی نگل لی، گلے پر ڈور پھرنے سے پانچ سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پتنگ کی ڈور نے پانچ سالہ بچے کی جان لے لی، اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں جبکہ علاقہ مکین بھی اس افسوس ناک واقعے کے بعد افسردہ ہیں۔
پانچ سال کا ایان والد کے ساتھ گھر سے کیا نکلا اور دنیا سے ہی چلا گیا، ڈور پھرنے سے جاں بحق ہونے والے بچے کی والدہ نے روتے ہوئے التجا کی یہ سب چیزیں بند ہونی چاہیئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے جیسا حال کسی اور کا نہ ہو۔
لاہور: پولیس دھاتی ڈور کا استعمال نہ روک سکی، نوجوان گلے پر ڈور پھرنے سے جاں بحق
دوسری جانب والد نے بتایا کہ موٹرسائیکل پر جاتے ہوئے ڈور سے بیٹا زخمی ہوا، جبکہ لوگوں سے مدد مانگی لیکن کوئی اسپتال لے جانے کو تیار نہ ہوا۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ذمے داروں کو پھانسی دی جائے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل لاہور کے علاقے شرقپور روڈ پر نوجوان گلے پر ڈور پھرنے سے زندگی کی بازی ہار گیا تھا، اور مالو بازار میں نوجوان ہاتھ کٹنے سے زخمی ہوگیا تھا۔