کراچی کے رہائشی عاطف الدین نے کہا ہے کہ میرا بیٹا ڈیڑھ سال قبل گٹر میں گرا تھا آج تک نہیں ملا، اس کو تھا میں شمار کروں یا ہے میں؟
اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے بچے کے باپ کی بے بسی نے سننے والوں کو بھی افسردہ کردیا۔
مذکورہ بچے کے والد عاطف الدین نے بتایا کہ 6مئی 2023کو میرا بیٹا گٹر میں گرا تھا آج تک پتہ نہیں چل سکا کہ کہاں ہے اس کی لاش بھی نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے جدوجہد کررہا ہوں کہ کسی طرح بچے کی کوئی خبر ملے، لیکن کہیں سے کوئی امید نہیں، بچے کی گمشدگی پر مقدمہ درج کرانے کیلئے بھی 10ماہ لگ گئے۔
اپنی جدوجہد کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے متاثرہ رہائشی نے بتایا کہ گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سمیت دیگر اعلیٰ حکام کو بھی درخواستیں دی تھیں۔
10ماہ بعد جو ایف آئی آر کاٹی گئی وہ بھی ہماری مرضی کی نہیں، ایف آئی آر میں اس وقت کے واٹر بورڈ چیئرمین سمیت اعلیٰ حکام نامزد ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ہمیں کہا کہ اپنا بیان ریکارڈ کرانے کیلئے وقوعہ کے روز جو بچے وہاں موجود تھے ان کو بھی لے کر آئیں۔
عاطف الدین نے کہا کہ بچے سے بچھڑے ہوئے ڈیڑھ سال کا عرصہ ہوگیا مجھے اس بات کا آج تک نہیں پتہ کہ اپنے بچے کو تھا میں شمار کروں یا ہے میں؟۔
بے بس باپ کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کی بےحسی دیکھیں عدالت میں کہتے ہیں بچہ کہیں نہیں گرا، واٹر بورڈ کی طرف سے وکیل نے عدالت میں کہا کہ بچہ گٹر میں نہیں گرا۔
عاطف الدین نے مزید کہا کہ میرا بیٹا گٹر میں گرگیا، میری زندگی خراب ہوگئی، بس سانس چل رہی ہے، میں انصاف کے لئے کہاں جاؤں؟
عاطف الدین کا کہنا تھا کہ بڑے افسران کی معطلی تک معاملات آگے ایسے ہی چلیں گے، سسٹم میں نااہل لوگ بیٹھے ہیں اور آپ کہتے ہیں کہ ایکشن نہیں ہوسکتا۔
اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عاطف الدین کے ساتھ جو کچھ ہوا افسوسناک ہے، اگر میرے ہٹنے سے معاملہ حل ہوجاتا ہے تو استعفی دے دیتا ہوں۔
میئرکراچی نے بتایا کہ کراچی شہر میں 4 لاکھ مین ہولز ہیں، واٹر بورڈ، کے ایم سی، بلدیات کو آن بورڈ ہونے کی ضرورت ہے۔
میئر کراچی نے حساس ایشو اٹھانے پر وسیم بادامی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وسیم بادامی نے مسئلے کی جڑتک پہنچنے کی کوشش کی، جس کے جواب میں وسیم بادامی نے ہاتھ جوڑ کر کہا کہ خدا کیلئے مسئلہ حل کیا جائے۔