کراچی: صوبہ سندھ میں بچوں کے خلاف جرائم میں اضافے کے پیش نظر محکمہ سماجی بہبود کے تحت چائلڈ ہیلپ لائن 1121 قائم کردی گئی، ہیلپ لائن 24 گھنٹے کام کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے بچوں کے خلاف مختلف جرائم جیسے اغوا، گمشدگی اور زیادتی کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر چائلڈ ہیلپ لائن 1121 قائم کردی ہے۔
محکمہ سماجی بہبود کے تحت قائم کردہ ہیلپ لائن 24 گھنٹے کام کرے گی جس میں بچوں سے متعلق مختلف شکایات لی جائیں گی۔ ہیلپ لائن کا مرکزی دفتر کراچی میں ہوگا۔
چائلڈ ہیلپ لائن میں پولیس، محکمہ سماجی بہبود اور این جی اوز کے نمائندے شامل ہیں۔ ضلعی سطح پر چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیز بھی قائم کردی گئی ہیں جن کے سربراہ ڈپٹی کمشنر ہوں گے۔
مزید پڑھیں: اغوا کی وارداتوں میں اضافہ، اپنے بچوں کو محفوظ رکھیں
چائلڈ ہیلپ لائن پر اغوا و زیادتی جسے جرائم کے علاوہ کم عمری کی شادی کے واقعات کی رپورٹ بھی کروائی جا سکے گی۔ زیادتی کے واقعات سے متعلق محکمہ سماجی بہبود آگاہی مہم بھی شروع کرے گی۔
خیال رہے کہ پولیس کے مطابق رواں سال صرف کراچی میں 147 بچوں کو اغوا کیا گیا جن میں سے 30 کے علاوہ تمام بچوں کو بازیاب کروا لیا گیا۔
بچوں کے اغوا کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن نے نجی اسکولز کو ہدایات بھی جاری کی گئی تھیں جن میں کہا گیا کہ پرائیوٹ اسکول انتظامیہ اسکول کے باہر سیکیورٹی یقینی بنائیں۔
رجسٹرار پرائیویٹ اسکولز کے مطابق ہدایات میں کہا گیا کہ یقینی بنایا جائے کہ تمام بچے اسکول کے اندر پہنچ گئے ہیں، والدین اپنے سامنے بچوں کو اسکول کے اندر بھیجیں جبکہ اسکول میں غیر متعلقہ افراد کو بھی ہرگز داخل نہ ہونے دیا جائے۔