کراچی : بچہ اغوا کیس میں گرفتار ملزمہ مسرت نے عباسی اسپتال اور سول اسپتال سمیت مختلف اسپتالوں سے متعدد نوزائیدہ بچوں کو اغوا کرنے کا اعتراف کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق قطر اسپتال اورنگی ٹاؤن سے بچے کے اغوا میں ملوث خاتون کی گرفتاری کے بعد ہولناک انکشافات سامنے آئے ہیں اور ملزمہ نے دورانِ تفتیش قطر اسپتال، عباسی اسپتال اور سول اسپتال سے درجنوں نوزائیدہ بچوں کے اغوا کا اعتراف کر لیا ہے۔
پولیس نے ملزمہ کے بیان پر تحقیقات کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے گروہ کے دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا ہے جنہوں نے کراچی کے تمام ہی بڑے سرکاری اسپتالوں سے نوزائیدہ بچوں کو اغوا کر کے پندرہ پندرہ ہزار روپے میں فروخت کرنے کااعتراف کیا ہے۔
واضح رہے کہ ملزمہ مسرت کو قطر اسپتال میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے گرفتار کیا گیا تھا، بعد ازاں اس کی نشاندہی پر سہراب گوٹھ سے گروہ کے دیگر ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو آج عدالت میں پیش کر کے تین روزہ جسمانی ریمانڈ لے لیا ہے جب کہ عدالت نے گروہ کی تین خاتون ملزمان کو جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے جنہیں جیل منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے دعوی کیا کہ ملزمان سے حاصل شدہ معلومات کی روشنی میں کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور اس گھناؤنے جرم میں شامل ایک ایک ملزم کو عدالت کے کٹہرے میں لا کھڑا کریں گے۔