اشتہار

دو سالہ بچہ والد کی لاش کے پاس زیادہ دن نہ جی سکا، دل دہلا دینے والا واقعہ کیسے پیش آیا؟

اشتہار

حیرت انگیز

لندن: برطانیہ کی کاؤنٹی لنکن شائر میں ایک 2 سالہ بچے کی موت کے لرزہ خیز واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے، یہ بچہ اپنے والد کے ہارٹ اٹیک سے مرنے کے بعد بھوک سے بلک بلک کر مر گیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 9 جنوری کو جب پولیس نے 60 سالہ کینتھ کے گھر کا دروازہ کھلوایا تو اندر دو سالہ برونسن بیٹرسبی اپنے والد کینتھ کی لاش کے پاس مردہ حالت میں پایا گیا۔

کینتھ کو ہارٹ اٹیک کی وجہ سے موت نے آ لیا تھا، جس کے پاس معصوم بچہ اکیلا رہ گیا، اور وہ کئی دن تک بھوک سے تڑپ تڑپ کر مر گیا، آخری بار ان دونوں کو 14 دن پہلے دیکھا گیا تھا۔

- Advertisement -

لنکن شائر کاؤنٹی کونسل نے اس ننھے بچے کی موت پر حالات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے، کیوں کہ اس بچے کو پہلے ہی غیر محفوظ قرار دیا گیا تھا اور چلڈرن سروسز کا ادارہ اس بات کا پابند تھا کہ وہ مہینے میں کم از کم ایک بار بچے کو دیکھنے آئیں گے۔

اس واقعے نے برطانیہ میں پولیس اور سماجی سروسز کے اداروں کی کارگردی پر سوال اٹھایا ہے، برطانوی اخبارات کے مطابق کینتھ بیٹرسبی کی موت کرسمس کے چند روز بعد دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی تھی اور ننھا بچہ تنہا رہ گیا تھا، اس کو کھلانے پلانے والا کوئی نہیں تھا۔

سنہرے بالوں والے اس بچے کی ماں سارہ بیسی نے لنکن شائر کاؤنٹی میں سماجی خدمات کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا بھوک سے مرا، اگر انھوں نے اپنا کام کیا ہوتا تو برونسن ابھی زندہ ہوتا۔

معلوم ہوا کہ کینتھ بیٹرسبی کی موت 29 دسمبر کے آس پاس ہوئی تھی، جب بچے کی ماں جو اس کے ساتھ نہیں رہتی تھیں، کا کہنا ہے کہ وہ آخری بار نومبر میں بچے سے ملی تھیں، خاتون نے شوہر سے کچھ عرصہ قبل ہی علیحدگی اختیار کی تھی، اور اس سے اس کے دو اور بچے بھی ہیں۔

لنکن شائر کاؤنٹی سوشل سروسز کی ڈائریکٹر ہیتھر سینڈی نے کہا کہ حالات کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے ہم اپنے دوسرے اداروں کے ساتھ اس کیس کا مطالعہ کر رہے ہیں، ہم عدالتوں کے ذریعے کی جانے والی تحقیقات کے نتائج کا بھی انتظار کر رہے ہیں۔ سوشل سروسز کا کہنا ہے کہ اس نے پولیس کو دو بار مطلع کیا تھا، پہلی بار 2 جنوری کو جب ایک سماجی کارکن بیٹرسبی کے گھر ملاقات کے لیے گیا لیکن اسے کوئی جواب نہیں ملا، اس کے بعد وہ بچے کی تلاش کے لیے دوسرے پتے پر گیا، وہاں بچہ نہ ہونے پر واپس بنیادی پتے آ گیا اور پولیس کو ایک نئی رپورٹ جمع کرائی گئی۔

پانچ دن بعد آخر کار پولیس نے اپارٹمنٹ کے مالک سے ایک چابی حاصل کی اور وہ فلیٹ کے اندر داخل ہوئی جہاں دونوں کو مردہ پایا گیا۔ برطانوی پولیس نے جمعرات کو تصدیق کی کہ وہ لنکن شائر میں اپنے افسران کی ممکنہ ناکامیوں کی تحقیقات کر رہی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں