بیجنگ: چین میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا گیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین نے بدھ سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔
نیشنل ڈیویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن (این ڈی آر سی) کے مطابق پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 300 یوآن (تقریباً 44.46 ڈالر) فی ٹن اور 290 یوآن فی ٹن کمی کی جائے گی۔
این ڈی آر سی نے ملک کی تین بڑی تیل کمپنیوں، چائنہ نیشنل پیٹرولیم کارپوریشن، چائنہ پیٹرو کیمیکل کارپوریشن اور چائنہ نیشنل آف شور آئل کارپوریشن کے ساتھ ساتھ دیگر آئل پروسیسنگ کمپنیوں کو تیل کی پیداوار کو برقرار رکھنے اور مستحکم سپلائی کو یقینی بنانے کے لیے نقل و حمل کو آسان بنانے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں یہ چوتھی اور 28 جون کے بعد لگاتار تیسری بار کمی کی گئی ہے ہے۔
قیمتوں کے تعین کے موجودہ طریقہ کار کے تحت اگر بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں 50 یوآن فی ٹن سے زیادہ تبدیلی 10 دنوں تک برقرار رہتی ہے تو چین میں تیل اور ڈیزل جیسی ریفائنڈ آئل مصنوعات کی قیمتوں میں اسی کے مطابق ردوبدل کیا جاتا ہے۔