بیجنگ : چین نے پاکستان اور بھارت سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کشیدگی ختم کرنے کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چین بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم دونوں فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ امن و استحکام کے وسیع تر مفاد میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، کشیدگی میں کمی لائیں اور سیاسی ذرائع سے پرامن حل کے راستے پر واپس آئیں۔
چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کریں جو مزید کشیدگی کا باعث بنے، یہ نہ صرف بھارت اور پاکستان کے بنیادی مفاد میں ہے بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی ضروری ہے، یہی وہ بات ہے جس کی بین الاقوامی برادری بھی توقع رکھتی ہے۔
ترجمان نے پیشکش کی کہ چین کشیدگی ختم کرنےکیلئےتعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
یاد رہے آپریشن بُنۡیَانٌ مَّرْصُوْص‘ میں ہندوستان کا جنگی غرور خاک ہوگیا، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جے ایف تھنڈر سے آدم پور میں جدید ترین ایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ کرکے فضائی ڈھال توڑ دی۔
ناگروٹا میں براہموس میزائل کا ذخیرہ تباہ کردیا گیا جبکہ آدم پور،پٹھان کوٹ ، ہلوارا،مامون اور جموں سمیت بارہ سے زائد ایئرفیلڈز اور ایئربیسز ملیامیٹ ہوگئیں۔
فتح ون میزائل سسٹم نے دشمن کے فوجی ٹھکانوں کو چن چن کر نشانہ بنایا، بھمبر میں بریگیڈہیڈکوارٹر تباہ کردیاگیا جبکہ راجوڑی اور نوشہرہ میں بھارت کے انٹیلی جنس مراکز کا نام و نشان مٹادیا گیا جبکہ پاکستانی ڈرونزکئی گھنٹےتک بھارتی دارالحکومت دہلی اور مودی کی ریاست گجرات پر پروازیں کرتے رہے۔