اسلام آباد : چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ چین نے فوری ایک ہزار وینٹی لیٹر دینے کا کہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ ہر بڑے اسپتال میں ایک وارڈ کو آئسولیشن کے لیے مختص کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے اسپتالوں میں 4،6 بیڈز کو آئسولیشن کے لیے مختص کر دیا، طبی عملے کی حفاظت کے لیے سامان کی فراہمی کی پوری کوشش کر رہے ہیں، ہمارے پاس اسٹاک میں15 ہزار ماسک موجود ہیں۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس آج رات 50 ہزار مزید ماسک پہنچ جائیں گے، علی بابا ڈاٹ کام کی جانب سے بھی15 ہزار ماسک جلد آجائیں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ عالمی سطح پر وینٹی لیٹر کی دستیابی بہت مشکل ہوگئی ہے، چین میں دیگر ممالک نے ایک ایک سال کی پروڈکشن بک کرالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی سفیر کی کوششوں سے پاکستان کو ایک ہزار وینٹی لیٹر مل جائیں گے، چین نے ہمیشہ کی طرح پاکستان کی مدد کی ہے، چین نے فوری ایک ہزار وینٹی لیٹر دینے کا کہا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں 9 بڑے اسپتالوں کو تیار کرلیاگیا ہے، 1600بستروں پر مشتمل اسپتال کا بندوبست ہوچکا ہے۔