ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

’چین نے پاکستان کا قرض رول اوور کرنے سے انکار نہیں کیا‘

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واضح کیا ہے کہ چین نے پاکستان کا قرض رول اوور کرنے سے انکار نہیں کیا ہے۔

میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں محمد اورنگزیب نے کہا کہ چین کے ساتھ قرض کے رول اوور پر بات مثبت سمت آگے بڑھ رہی ہے، حکومت نے معیشت کی بہتری کیلیے سنجیدہ کوششیں کیں، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے اپنے طریقہ کار سے کام کرنا ہوتا ہے۔

وزیر خزانہ نے اپنے بیان میں مزید بتایا کہ سعودی عرب سے قرض کے رول اوور پر بات جلد مکمل ہونے کا امکان ہے، حکومت سعودی عرب کی سرمایہ کاری کیلیے کوششیں کر رہی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف امداد کے بجائے سرمایہ کاری پر یقین رکھتے ہیں۔

21 اگست 2024 کو چین سے 15 ارب ڈالر توانائی کے قرض ری شیڈولنگ کیلیے وفاقی وزرا پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی تھی۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ وزیر خزانہ، وزیر توانائی، وزیر اقتصادی امور اور سیکرٹری وزارت خزانہ کمیٹی میں شامل ہوں گے جبکہ کمیٹی کی معاونت کیلیے سی پی پی اے، پی پی آئی بی، بینک حکام اور چینی نمائندہ پر ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تھی۔

ذیلی کمیٹی چار ہفتوں میں چائینیز توانائی منصوبوں کے قرض کی ریشیڈولنگ کیلیے تجاویز دے گی جس کے بعد وزیر خزانہ کی قیادت میں قائم کمیٹی دو ہفتوں تک ذیلی کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لے گی اور مین کمیٹی سفارشات کا حتمی جائزہ لے کر وزیراعظم شہباز شریف کو رپورٹ پیش کرے گی۔

رپورٹ کی تجاویز درست ہونے کی صورت میں وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی۔ وزیر خزانہ محمداورنگزیب کی قیادت میں قائم کمیٹی چائینیز حکام سے بھی رابطہ میں رہے گی۔

رپورٹ تجاویز میں قرض کی اقساط کی مدت کو بڑھانا یا دیگر تجاویز شامل ہو سکتی ہیں تاہم رپورٹ کی وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد چین کو باقاعدہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں