کراچی: چین نے پاکستان اور ایران میں ثالثی کی پیشکش کردی اور کہا اختلافات دور کرنے کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی حملے پر پاکستان کے جواب کے بعد کراچی میں چین کے قونصل جنرل یانگ یوڈونگ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ایران میں کشیدگی پر ثالثی کی پیشکش کی گئی ہے، اختلافات دور کرنے کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
چینی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ امید ہے بات چیت سے معاملہ حل کیاجاسکتاہے، پاکستان اور ایران خطے اورمسلم دنیاکے اہم ممالک ہیں، دونوں ممالک سے کہتے ہیں اختلافات پر تحمل کا مظاہرہ کریں۔
گذشتہ روز پاکستان کے صوبے بلوچستان میں ایران کی جانب سے ہونے والے حملے پر چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران اور پاکستان سے تحمل سے کام لینے کی اپیل کی تھی۔
ترجمان ماؤ نِنگ کا کہنا تھا کہ فریقین کشیدگی میں اضافے کا باعث بننے والے اقدامات سے گریز کریں، امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے دونوں ملک مل کر کام کریں، ہم ایران اور پاکستان دونوں کو قریبی پڑوسی اور بڑے اسلامی ملک سمجھتے ہیں۔
خیال رہےآج صبح پاکستان نے ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف انتہائی مربوط فوجی کاروائی کی جس میں متعدد دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران جس کا نام ‘مرگ بار سرمچار’ رکھا گیا۔ گزشتہ کئی سال کے دوران پاکستان نے ایران کے اندر اپنے آپ کو سرمچار کہنے والے پاکستانی نژاد دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے بارے میں اپنے تحفظات کا مسلسل اظہار کیا ہے۔