بیجنگ: مسئلہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے دو ٹوک مؤقف کی کھل کر حمایت کر دی ہے، چینی قیادت کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر تاریخ کا ادھورا چھوڑا ہوا تنازع ہے، اسے یو این چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کا دورۂ چین اختتام کو پہنچ گیا ہے، وزیر اعظم واپس ملک کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے کہا مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران جنم لے رہا ہے، بھارت فوری کرفیو اٹھائے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین کی حالات پر گہری نظر ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال مزید پیچیدہ بنانے والے یک طرفہ اقدامات قبول نہیں۔
وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں چینی صدر نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
چین نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی، پاک چین قیادت اس بات پر متفق تھی کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، چین نے کہا دنیا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات تسلیم کرے۔
پاکستان اور چین نے سی پیک کی جلد سے جلد تکمیل کے عزم کا بھی اعادہ کیا، چین نے اس حوالے سے کہا کہ سی پیک سے پاکستان میں صنعتی اور معاشی ترقی ہوگی، گوادر پورٹ بہتر سہولتوں کے بعد جلد خطے کا تجارتی مرکز بنے گا۔
دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے مفادات پر مکمل تعاون کا عزم بھی کیا،وزیر اعظم عمران خان چین کا دورہ مکمل کر کے وطن روانہ ہو گئے ہیں۔