چین میں تیز ہواؤں کے پیش نذر عوام سے گھروں پر رہنے کی اپیل کی گئی ہے، ساتھ ہی متنبہ کیا گیا ہے کہ ان ہواؤں سے 50 کلوگرام سے کم وزن والے لوگ ہوا میں اُڑ سکتے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ شمالی چین میں ہفتے اور اتوار کے روز ایسی تیز ہواؤں کا امکان ہے، جو انسانوں کو ہوا میں اُڑا سکتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق چین میں حکام نے عوام کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی ہے جبکہ کچھ سرکاری ذرائع ابلاغ نے متنبہ کیا ہے کہ ان ہواؤں میں 50 کلوگرام سے کم وزن والے لوگ باآسانی ہوا میں اڑ سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق منگولیا سے جنوب مشرق کی طرف بڑھنے والے سرد بھنور کے باعث 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں سے بیجنگ، تیانجن اور ہیبی کے علاقے متاثر ہوں گے۔
بیجنگ نے آندھی کے لیے ایک دہائی میں پہلی بار اورنج الرٹ جاری کیا ہے جو کہ چار درجہ موسمی انتباہی سسٹم میں دوسرا سب سے خطرناک درجہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق خدشہ ہے کہ اس بار یہ ہوائیں علاقے میں برسوں میں دیکھی جانے والی کسی بھی چیز سے زیادہ تیز ہوں گی، حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کو جب تیز ہوائیں آئیں گی تو بیجنگ میں 24 گھنٹوں کے اندر درجہ حرارت میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہوسکتا ہے۔
اس سے قبل امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا میں رواں ماہ ہزار سالہ تاریخ کا بد ترین سیلاب آنے کا امکان ہے۔
امریکی خلائی تحقیق کے ادارے ناسا کا کہنا ہے کہ اپریل کے مہینے کے آخری 15 دنوں میں امریکا کے جنوبی اور مغربی وسط کی 10 ریاستوں میں طوفان اور شدید بارشوں کا خطرہ ہے۔
ناسا کی جانب سے وارننگ سامنے آنے کے بعد وسطی امریکی ریاستوں نے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
سیلاب کے حوالے سے توقع کی جا رہی ہے کہ یہ حالیہ دور کا سب سے زیادہ تباہ کن موسمی واقعات میں سے ایک ہو گا۔
نیشنل ویدر سروس نے تاریخی سیلاب آنے کا خطرہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا بد ترین واقعہ امریکا نے ہزار سال میں نہیں دیکھا ہو گا۔
پیش گوئی میں وسطی امریکا کے کئی علاقوں کے آفت زدہ علاقہ بنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔کہا جارہا ہے کہ عام طور پر 4 مہینوں میں ہونے والی بارش 5 دنوں میں ہوجائے گی۔
امریکا میں رواں ماہ کیا ہونے والا ہے؟ بڑی پیش گوئی
ماہرینِ موسمیات اس کو ایک غیر معمولی خطرہ سمجھ رہے ہیں، میٹرولوجسٹ جوناتھن پورٹر نے بتایا ہے کہ اس قسم کا موسم سخت سیلاب کی نشاندہی کرتا ہے۔