اسلام آباد : چینی سفیریاؤ جنگ کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان بیلیٹ اینڈروڈ فورم سے خصوصی خطاب کریں گے ، دورہ چین میں دونوں ممالک میں تجارتی معاہدے پردستخط کا امکان ہے، تین سال میں بیس ہزار پاکستانی طلبا کو اسکالرشپ دی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق چینی سفیریاؤ جنگ نے اسلام آباد میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم پرپریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ بیلیٹ اینڈروڈ فورم پچیس سے ستائیس اپریل تک بیجنگ میں ہوگا، وزیراعظم عمران خان فورم سے خصوصی خطاب کریں گے۔
چینی سفیر کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان ستائیس اپریل کوچینی نائب صدرسے ملاقات کریں گے، دونوں ممالک میں تجارتی معاہدے پردستخط کا امکان ہے۔چین دھابیجی میں دوسرا خصوصی اقتصادی زون قائم کرنا چاہتا ہے۔پاکستان سے صنعتی تعاون کا مزید فروغ چاہتے ہیں۔
یاؤ جنگ نے مزید کہا پاکستان سے صنعتی تعاون کا مزید فروغ چاہتے ہیں، تین سال میں بیس ہزار پاکستانی طلبا کو اسکالرشپ دی جائیں گی۔
مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان 25 سے 27 اپریل تک چین کا دورہ کریں گے
خیال رہے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا وزیر اعظم عمران خان 25 سے 27 اپریل تک چین کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، وزیر اعظم بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کریں گے اور چین کے صدر اور وزیر اعظم سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے جبکہ وہ عالمی ہارٹی کلچر نمائش میں بھی شرکت کریں گے۔