اسلام آباد : کورونا کیخلاف جنگ میں چین پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں، چین نے مزید ڈاکٹرز پاکستان بھیجنے کا اعلان کردیا، آٹھ چینی ڈاکٹرز 17 اپریل کو پاکستان پہنچیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چین نے مزید ڈاکٹرز پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ، چین سے خصوصی کارگو طیارہ ڈاکٹرز کو لے کر 17 اپریل کو پاکستان پہنچے گا ، طیارےمیں8چینی ڈاکٹرزارومچی سے اسلام آبادپہنچیں گے۔
خصوصی طیارہ اسلام آبادسےواپس جاتے ہوئے کارگو ارومچی لے جائے گا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پرواز کو لینڈنگ کی خصوصی اجازت دی اور کہا پرواز کی آمد پر کریو کو جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس سے قبل 16 چینی ڈاکٹر پاکستان سے دس اپریل کو واپس گئے تھے۔
یاد رہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ پاک چین تعلقات آزمائش کی پر گھڑی میں پورا اترے ہیں، چین نے ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کا بھرپور خیال رکھا اور کرونا کے خلاف جنگ میں پاکستان کو بھرپور تعاون فراہم کیا۔
این سی او سی کے مطابق تجربات کے تبادلے کےلیے چینی طبی ماہرین نے پاکستان کا دورہ بھی کیا اور چین نے پاکستان کو 5 لاکھ 29 ہزار سے زائد این 95 ماسک ، ہزار 744 حفاظتی لباس، 10 ہزار کٹس اور 15 لاکھ سے زائد میڈیکل ماسک فراہم کیے۔
خیال رہے چینی سفارت خانے کا کہنا تھا کہ پاکستان کو طبی سامان کی فراہمی کی تیاری کر رہے ہیں، چین آئسولیشن کیلئے ایک عارضی اسپتال بنانے میں پاکستان کی مدد کرے گا۔