مظفر آباد : صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ چین کے تعاون کی بدولت کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس ممکن ہوا، اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ کشمیری چین سمیت سلامتی کونسل کے5مستقل ممبران کے شکر گزار ہیں۔
چین نے ہمیشہ کی طرح اس مشکل میں بھی پاکستان کی بھرپور مدد کی، چین کے تعاون کی بدولت کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس ممکن ہوا،
صدر آزاد کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کو کشمیر میں بھارتی مظالم کے کسی ثبوت کی ضرورت نہیں، ہیومین رائٹس کمیشن اور برطانوی و یورپی پارلیمان کی کشمیر پر رپورٹس موجود ہیں۔
ضرورت پڑنے پرسلامتی کونسل کو بھارت کیخلاف مزید ثبوت فراہم کرسکتے ہیں، کشمیر کی آئینی حیثیت میں تبدیلی جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
سلامتی کونسل کوازخود مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم رکوانا چاہئے تھے، مسعود خان نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیرکی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لے اور یو این سیکرٹری جنرل مسئلہ کشمیر کے حل کیلئےنمائندہ خصوصی مقرر کریں۔