بیجنگ : چین کے صدر نے بھارت کی جانب سے چین پر دخل اندازی کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت چین میں دراندازی میں ملوث ہے۔
چینی صدر نے اپنے ایک بیان میں بھارتی میڈیا میں گردش کرنے والی ان خبروں کو بے بنیاد اور لغو قرار دیا جس میں بھارت نے چینی افواج پر بھارتی علاقے میں دخل اندازی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
چینی صدر کا کہنا تھا کہ بھارت چین میں در اندازی کروارہا ہے جس پر بھارت کو سختی سے متنبہ کرتے ہیں کہ سرحدی امور پر مداخلت بند کرے وگرنہ دراندازی کرنے والی قوتوں سے نمٹنے کیلئے چین تیارہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین کی فوج کسی بھی دراندازی کوناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا پر بارہا واویلا کیا جا رہا ہے کہ چینی فوجی سرحدی امور کو بالائے طاق رکھتے ہوئے گزشتہ ہفتے بھارت میں داخل ہوئے اور خوف و ہراس پھیلانے کئی کوشش کی۔
بھارتی میڈیا نے چینی فوجیوں کی دخل اندازی پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چین سرحدی علاقوں کی خلاف ورزی سے باز رہے بصورت دیگر کسی بھی قسم کا راست قدم اُٹھانے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
خیال رہے کہ چین اوربھارت کے درمیان بھوٹان کے ساتھ سرحد پرسڑک کی تعمیر پرتنازع ہے جس پر دونوں ممالک کی سرحدی علاقوں میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔