نیویارک: امریکا میں تعینات چینی سفیر نے ایک بیان میں امریکا پر واضح کیا ہے کہ چین تجارتی جنگ میں کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
امریکا کے لیے چین کے سفیر شیے فینگ نے ایک تقریب میں خطاب میں تجارتی جنگ کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکا بیجنگ کے ساتھ مشترکہ باہمی راستہ تلاش کرے، امریکی ٹیرف عالمی معیشت کو تباہ کر دیں گے۔
انھوں نے مشورہ دیا کہ دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کے تعلقات میں ہم آہنگی ہونی چاہیے، باہم ٹکراؤ کی بجائے پر امن طریقوں سے حل نکالنا چاہیے، اور ایک دوسرے کی کامیابی میں مدد کرنی چاہیے، بجائے اس کے کہ ہم ایک تباہ کن صورت حال میں پھنس جائیں۔
خیال رہے کہ تجارتی جنگ میں چین نے دیگر ممالک کو امریکی دباؤ کے سلسلے میں خبردار کیا ہے کہ خوشامد سے کبھی امن حاصل نہیں ہو سکتا اور سمجھوتے کے نتیجے میں آپ کو عزت نہیں مل سکتی۔
روس اور یوکرین رواں ہفتے معاہدہ کر لیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ
چینی وزارتِ تجارت کے ترجمان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عائد کردہ ٹیرف پر مذاکرات کے دوران خوشامد سے باز رہیں، واشنگٹن دیگر حکومتوں پر امریکی درآمدی ٹیکسوں میں چھوٹ کے بدلے بیجنگ کے ساتھ تجارت کو محدود کرنے کا مطالبہ کر سکتا ہے۔
گزشتہ ہفتے جاپان کے وفد نے واشنگٹن کا دورہ کیا تھا جب کہ رواں ہفتے امریکا اور جنوبی کوریا کے مابین تجارتی مذاکرات شروع ہونے جا رہے ہیں۔ چین کا ماننا ہے کہ سب کو انصاف کا ساتھ دینا چاہیے، اور بین الاقوامی معاشی اور تجارتی قواعد اور کثیر الجہتی تجارتی نظام کا دفاع کرنا چاہیے۔
گزشتہ ہفتے وال اسٹریٹ جنرل نے رپورٹ کیا تھا کہ ٹرمپ کا مذاکرات کے دوران درجنوں ممالک پر دباؤ دالنے کا ارادہ ہے کہ وہ چین کے ساتھ اپنی تجارت میں کمی لائیں۔