راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن چین جنرل ژو کلیانگ نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے ادارے نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔
آرمی چیف اور چینی جنرل کے درمیان ملاقات میں باہمی دل چسپی، علاقائی سیکورٹی اور دفاعی تعاون پر گفتگو ہوئی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیرکی صورت حال پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیر سمیت اہم معاملات پر چین کی حمایت کو سراہا۔
چینی جنرل نے اس موقع پر کہا کہ ہم پاکستان سے اپنے مثالی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔
دریں اثنا، وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد دفاعی تعاون کے ایم او یو پر دستخط کیے گئے، چینی جنرل نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔