اسلام آباد: چین کے سفیر یاﺅ جِنگ نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے الوداعی ملاقات کی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق آج نیول ہیڈکوارٹرز میں چینی سفیر یاؤ جِنگ نے پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں نیول چیف نے خطے کی بحری سیکورٹی میں پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی، جب کہ چین کے سفیر نے خطے میں بحری سیکورٹی کے استحکام کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔
ترجمان کے مطابق سربراہ پاک بحریہ ظفر محمود عباسی نے پاک چین باہمی تعلقات میں یاﺅ جِنگ کی سفارتی خدمات کو سراہا۔
یاد رہے کہ جمعرات کو چینی سفیر یاؤ جِنگ نے وزارتِ خارجہ میں شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی تھی،جس میں سی پیک اور زراعت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون سمیت باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
چینی سفیر نے کہا تھا چین پاکستان میں عنقریب دو ’فٹ اینڈ ماؤتھ ڈیزیز سینٹر‘ (منہ اور کھر کی بیماری) قائم کرے گا۔
دوسری طرف وزیر خارجہ شاہ محمود نے پاکستان میں ٹڈی دل حملے کے بعد تعاون پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہم زراعت سے متعلقہ منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے پر عزم ہیں۔