کراچی : چین سے آنے والا تاجر کٹی پہاڑی کو سیاحتی مقام سمجھ بیٹھا، اپنے سامان سمیت وہاں گھومتے ہوئے دیکھ کر کسی نے پولیس کو اطلاع کردی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایسی جگہیں بھی ہیں جنہیں دیکھ کر یہ گمان ہوتا ہے کہ جیسے یہ کوئی رہائشی علاقہ نہیں بلکہ تفریحی مقام ہو۔
گزشتہ روز بزنس ویزے پر پاکستان آنے والا چینی شہری غلطی سے کٹی پہاڑی پہنچ گیا، ایس ایچ او کو چینی شہری کی سامان سمیت پہاڑی پر گھومنے کی اطلاع ملی۔
اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا ہے کہ چینی شہری ممکنہ طور پر کٹی پہاڑی کو سیاحتی مقام سمجھا تھا، چینی شہری کو ایک ٹیکسی ڈرائیور نے وہاں اتار دیا تھا۔
ایس ایس پی کے مطابق پولیس پارٹی فوراً کٹی پہاڑی پر پہنچی اور چینی شہری کو ڈھونڈا اور پولیس پروٹیکشن میں ہوٹل روانہ کردیا گیا، چینی شہری آج ہی بزنس ویزے پر پاکستان آیاتھا۔