اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے ملاقات کی جس میں بھارتی میزائل حادثے، مقبوضہ کمشیر سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم نے چین میں طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کی موجودہ صورتِ حال، علاقائی صورتِ حال اور عالمی منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا۔
اس دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اقتصادی راہداری کا دوسرا مرحلہ صنعتی ترقی کا باعث بنے گا، زراعت اور آئی ٹی جیسے شعبوں میں تعاون اقتصادی ترقی کو تقویت دے گا۔ وزیر اعظم نے چینی سرمایہ کاروں کا مواقع سے فائدہ اٹھانے کا خیر مقدم کیا۔
ملاقات میں یوکرین کی صورتِ حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے سفارت کاری کے ذریعے حل کی ضرورت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں غیر ذمہ دارانہ رویے سے چینی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ عمران خان نے کہا کہ بھارتی رویہ علاقائی امن و سلامتی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
وزیراعظم نے بھارتی میزائل کے نام نہاد حادثاتی فائر سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے مشترکہ تحقیقات کے مطالبے پر زور دیا اور کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ ایسا دوبارہ نہ ہو۔
افغانستان کی صورتِ حال پر گفتگو میں وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن اور استحکام کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے، افغان انسانی بحران کو روکنے کے لیے گہرے تعلقات کو جاری رکھنا چاہیے۔