اسلام آباد: پاکستان میں متعین چینی سفیر یاو جنگ کا کہنا ہے کہ چینی حکومت اور عوام مسئلہ کشمیر کا پر امن حل چاہتی ہے۔
ایبٹ آباد میں پاکستان چین انٹرنیشنل اسکول کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر یاو جنگ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے جلد حل کے لیے پاکستان اور بھارت کوششیں جاری رہنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیمی شعبہ کی ترقی کے لیے چین اپنا کردار ادا کرے گا، ایبٹ آباد چین کا گیٹ وے بھی ہے، اس علاقہ کو سی پیک کے ثمرات بھی نظر آئیں گے۔
چینی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں مکمل سپورٹ کریں گے۔
اس موقع پر اسپیکر خیبر پختونخواہ مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہوئی اور نہ ہی عمران خان کوئی ڈیل کرے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں جب نئے صوبے بنے تو صوبہ ہزارہ بھی ضرور بنے گا۔
بھارت سے آزادی کے لیے دنیا بھر کے کشمیری ہم آواز ہو چکے: وزیرِ اعظم
خیال رہے کہ گذشتہ روز دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کے لیے یومِ کشمیر منایا گیا، اور مختلف تقاریب کا انعقاد اور ریلیاں نکالی گئیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ دنیا بھر کے کشمیری اب ہم آواز ہو کر بھارت سے آزادی چاہتے ہیں، بھارتی فوج باغیوں سے نہیں مقبوضہ کشمیر کی تمام عوام سے جنگ لڑ رہی ہے۔
انھوں نے مزید لکھا کہ آزادی سے محبت رکھنے والے دنیا کے تمام لوگ کشمیریوں کا ساتھ دیں۔