منگل, اکتوبر 15, 2024
اشتہار

چینی اور پاکستانی وزرائے اعظم نے نیو گوادر ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

وزیراعظم پاکستان نے کہا ہے کہ گوادر علاقائی ترقی کا محور اور پاکستان کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، نیو گوادر ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے نیو گوادر ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر نہ صرف علاقائی ترقی کا محور ہے بلکہ پاکستان کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، مشترکہ مستقبل اور ہمہ جہت ترقی کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔

وزیراعظم ہائوس میں نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل کی ورچوئل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان صنعت، زراعت اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔

- Advertisement -

انھوں نے کہا کہ یہ دوطرفہ معاہدے دونوں دوست ممالک کے درمیان نئے باب کا اضافہ ہے، چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان پر ان کا شکرگزار ہوں، ان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے فروغ کے عزم کا اعادہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ملاقات کے دوران مفید اور تعمیری بات چیت کی، پاکستان کی ترقی کیلئے چین کے پختہ عزم کے معترف ہیں، صدر شی جن پنگ، چینی عوام کا گوادر ایئرپورٹ کا تحفہ دینے پر شکرگزار ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے ایجنڈے اور پسماندہ علاقوں کی ترقی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر شکرگزار ہیں، گوادر ایئرپورٹ سے نہ صرف گوادر بلکہ پورا ملک ترقی کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت اس منصوبے کو مکمل کیا گیا، یقین دلاتا ہوں کہ نہ صرف سی پیک کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد ہوگا بلکہ چین اور پاکستان کے عوام کی امن و سلامتی کیلئے آپ کے ساتھ مل کر کام کروں گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گوادر ایئرپورٹ کی تکمیل کیلئے چینی و پاکستانی انجینئرز اور ورکرز کی انتھک کوششوں سے یہ عالمی معیار کا منصوبہ مکمل ہوا، چین کی جانب سے پاکستان کیلئے یہ یادگار تحفہ ہمیشہ یاد رہے گا۔

چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر ایئرپورٹ کی تکمیل پر چینی حکومت اور عوام کی جانب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، چینی اور پاکستانی ورکرز نے اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے دن رات کام کیا، ان کی کاوش قابل تحسین ہے۔

انھوں نے کہا کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل اہم سنگ میل ہے، گوادر علاقائی ترقی کا محور ہونے کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی کا عکاس ہے۔

چین پاکستان کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان کے عوام کی خوشحالی ہمارے دل کے قریب ہے، دونوں ممالک کے درمیان سٹرٹیجک شراکت داری وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو گی۔

لی چیانگ کا مزید کہنا تھا کہ مشترکہ مستقبل اور ترقیاتی اہداف کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے، اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے بھی خطاب کیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں