چینی حکام نے شہریوں میں کرونا وائرس کا پتہ لگانے کیلئے ایک بڑے تفریحی پارک میں موجود تیس ہزار لوگوں کے کرونا ٹیسٹ کرلیے، ٹیسٹ نہ کروانے اور پارک سے بھاگنے والوں کو سیکیورٹی حکام نے موقع پر گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کی ابتداء چین سے ہوئی لیکن سب سے پہلے چین نے ہی کرونا پر قابو پاکر لاک ڈاؤن ختم کیا۔ تمام تر حفاظتی اقدامات کے باوجود چینی حکام کی جانب سے وقتاً فوقتاً شہریوں کے کرونا ٹیسٹ کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
اس مرتبہ چینی حکام نے شہر چھنگڈو میں واقعے ایک بڑے تفریحی پارک نیو سینچری گلوبل سینٹر (جس میں متعدد دکانیں، دفاتر اور ایک بڑا واٹر پارک اور یونیورسٹی ہے) میں تیس ہزار لوگوں کے کرونا ٹیسٹ کیے، اس دوران کچھ لوگوں نے فرار ہونے کی کوشش کی جنہیں سیکیورٹی حکام نے گرفتار کرلیا۔
چینی حکام کا کہنا ہے کہ دو کروڑ نفوس پر مشتمل شہر چھنگڈو مین گزشتہ دنوں متعدد افراد کے کرونا مں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی تھی، اس کے باوجود نیو سینچری گلوبل سینٹر میں کیے گئے تمام ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔
واضح رہے کہ اکتوبر کے آخر میں شنگھائی ڈزنی لینڈ میں بھی بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ ہوئی تھی۔