اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے چینی ہم منصب سے فون پر مبارک باد وصول کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک پاک چین دوستی کی عظیم مثال ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم عمران خان سے چینی ہم منصب نے ٹیلی فونک رابطہ کرکے مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان، چین کے درمیان تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔
چین کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کے ہر منصوبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے چینی ہم منصب سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک پاک چین دوستی کی عظیم مثال ہے، اس دور میں پاک چین دوستی میں مزید استحکام آئے گا۔
نو منتخب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی مشکل کی ہر گھڑی میں پوری اتری ہے، پاک چین دوستی کو بلندیوں تک لے جائیں گے۔
یاد رہے کہ عمران خان رواں برس 17 اگست کو وزیر اعظم پاکستان منتخب ہوئے تھے اور 18 اگست کو ایوان صدر میں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا تھا۔