چنیوٹ : لیڈی ڈاکٹر نے فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بر وقت پہنچ کر رکشے میں زچگی کا مرحلہ مکمل کرکے حاملہ خاتون اور بچے کی جان بچالی۔
تفصیلات کے مطابق چنیوٹ کے بنیادی مرکز صحت رجوعہ سادات سے چند گز کے فاصلے پر رکشے میں بچے کی پیدائش کا واقعہ پیش آیا ہے، رجوعہ سادات آنے والی حاملہ خاتون کی حالت رکشے میں بگڑ گئی۔
مرکز صحت کی لیڈی ڈاکٹر نے فرض کی ادائیگی کی مثال قائم کردی، مقامی مدرسے کی ملازمہ مریم کو اس کا شوہر غلام نبی رکشے میں لے کر آرہا تھا کہ مرکز سے کچھ فاصلے پر ہی خاتون کی حالت غیر ہوگئی۔
مزید پڑھیں: سکھر، خاتون نے رکشا میں بچی کوجنم دے دیا، آکسیجن نہ ہونے پر نومولود جاں بحق
خاتون کا شوہر بھاگ کر مرکز پہنچا اور ڈاکٹر کو مطلع کیا، لیڈی ڈاکٹر یاسمین اطلاع ملتے ہی بروقت جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ہنگامی طور پر رکشے کو چادر سے ڈھانپ کر زچگی کے عمل کو مکمل کرکے دو قیمتی جانیں بچالیں، زچگی کے بعد زچہ اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں۔