اسلام آباد: سابق وزیرداخلہ چوہدری نثارنے کہا ہے کہ 30 سالہ سیاسی کیریئر میں اہم عہدوں پر فائز رہا تاہم اس بار سخت چیلینجز کا سامنا رہا اور داخلی سیکیورٹی معاملات میں انتہائی قدم بھی اُٹھانے پڑے جس کے لیے وزارت داخلہ اور ماتحت اداروں کا تعاون شاملِ رہا جس پر اُن کا شکر گذار ہوں۔
ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر نے سیکرٹری وزارتِ داخلہ کو لکھے گئے الوداعی خط میں کیا اُن کا کہنا تھا کہ وزارتِ داخلہ کے حکام نے دور وزارت میں بھرپورتعاون کیا جن کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ انتہائی اچھا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ اپنی ٹیم کے ہمراہ دہشت گردی کے خلاف داخلی سیکیورٹی کے معاملات پرصحیح اقدامات کیے جس کے لیے ماتحت اداروں نے پورا تعاون کیا۔
خط کے متن میں چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کا منصب سنبھالتے وقت اندرونی سیکورٹی اور امن و امان بہت بڑا چیلنج تھا جس سے نبرد آزما ہونے کے لیے آپ لوگوں کی معاونت حاصل رہی اور ہم نے بڑی کامیابیاں حاصل کیں جو کہ ریکارڈ کا حصہ ہیں۔
چوہدری نثار نے کہا کہ وزارت داخلہ کے اقدامات میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر سیکرٹری داخلہ کی کارکردگی قابل تعریف ہیں جس پر وزارت کی پوری ٹیم، ماتحت اداروں اورمنسلک دفاتر کا معترف ہوں اور انہیں پورا کریڈٹ دیتا ہوں۔