اسلام آباد : سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اپنے بیان سے دنیا بھر میں پاکستان کا تماشا نہ بنائیں ایسے بیانات کے وطن عزیز کے موقف کو کمزور اور دشمن کو بیانیے کو تقویت دیتے ہیں.
سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار اپنے پرانے ساتھیوں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف کے بیانات پر ردعمل دے رہے تھے.
انہوں نے اپنی پارٹی کے پرانے ساتھی اور موجودہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنا گھر ضرور درست کریں لیکن اسے طشت ازبام نہ کریں کیوں کہ اس طرح کے بیانات سے وطن دشمنوں کا بیانیہ درست ثابت ہو جاتا ہے اور عالمی دنیا میں پاکستان کا موقف کمزور پڑجاتا ہے.
اپنی جماعت سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ دورِ وزارت میں اپنے گھر کی صفائی جتنی 4 سال میں کی ہے اس کی نظیر نہیں ملتی ہے اس لیے ملک سلامتی سے منسلک اقدامات پر نہایت سوچ بچار کے بعد بیان دینے کی ضرورت ہے.
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے بھی ایسا ہی بیان دیا تھا جس پر بھارتی میڈیا نے طوفان برپا کردیا تھا اور اگر بھارتی میڈیا کے تبصروں کے تبصروں کاجائزہ لیا جائے تو اندازہ ہوجاتا ہے کہ ہمارے بیانیے کو کس طرح نقصان پہنچایا گیا ہے جس سے عالمی سطح پر ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے.
سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ ہندو دہشت گرد تنظیمیں ڈھٹائی سے مکروہ عزائم میں کمربستہ ہیں جہاں بھارت میں مسلمانوں کا گائے کی بے حرمتی کے نام پر قتل کیا جاتا ہے بھارت میں غیرملکی مہمانوں پر تشدد کیا جاتا ہے لیکن بھارتی حکومت یا ان کے کسی سیاستدانوں نے اس بات کااعتراف کیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ بہت سا کام کرنے کی گنجائش موجود ہے جس کے لیے عملی کام کیے جائیں اور بیانات سے گریز کریں کیوں کہ اس قسم کے غیر ذمہ درانہ بیانات سے دشمنوں کا پاکستان مخالف بیانیہ مضبوط ہوگا.