اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی سینیئر قیادت نے رکن اسمبلی نور عالم خان کو ان کے بیانات پر شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کی اپنی ہی حکومت کے خلاف بیان بازی پر پی ٹی آئی کی سینئر قیادت نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف بیان بازی پر پاکستان تحریک انصاف کی سینئر قیادت نے ایم این اے نور عالم خان کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شوکاز نوٹس پی ٹی آئی خیبر پختون خوا کے صدر پرویز خٹک جاری کریں گے اور ان سے حکومت کے خلاف بیان بازی پر وضاحت طلب کی جائے گی۔
Pakistan comes first 4r me party / politics comes 2nd I believe in Accountability i still stand by the statement that I give that all 3 rows plus advisors now N Xnames should be put on ECL .some personalities come 1st For me PAKISTAN 🇵🇰 comes 1st Pakistan zindabad
— Noor Alam Khan (@NOORALAMKHAN) January 16, 2022
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم این اے نور عالم خان ان دنوں اپنی ہی پارٹی کی سینیئر قیادت کے خلاف بیانات دینے کے لیے کافی مشہور ہو چکے ہیں، چند دن قبل پارلیمانی پارٹی اجلاس میں بھی انھوں نے وزیر اعظم عمران خان سے کچھ سخت سوالات کیے تھے، جن پر انھیں جوابات دیے گئے۔
تاہم اس کے بعد نور عالم خان نے کچھ ٹوئٹس کیے ہیں جن میں انھوں نے پارٹی کی سینیئر قیادت اور مشیران کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کیا، نور عالم خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اس مطالبے پر اب بھی قائم ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ان کے نزدیک مہنگائی عوام کا بڑا مسئلہ ہے، جب تک یہ مسئلہ حل نہیں کیا جاتا، وہ اسی طرح آواز اٹھاتے رہیں گے۔ ایم این اے اگرچہ کچھ عرصے سے آواز اٹھا رہے ہیں تاہم جب سے ان کے سخت ٹوئٹس سامنے آئے ہیں تو پی ٹی آئی قیادت نے بھی اس کا نوٹس لے لیا ہے۔
پی ٹی آئی خیبر پختون خوا کے صدر کے طور پر پرویز خٹک نور عالم کو شو کاز نوٹس جاری کریں گے، اور وضاحت طلب کریں گے کہ وہ یہ بیانات کیوں دے رہے ہیں، نوٹس کے ذریعے انھیں 7 دن کی مہلت دی جائے گی۔