لندن: ایشز سیریز میں ناقص کارکردگی انگلش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کو لے ڈوبی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایشیز سیریز میں بدترین کارکردگی پر انگلش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کرس سلور ووڈ کو عہدے سے فارغ کردیا گیا ہے۔
انگلش کرکٹ بورڈ ( ای سی بی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اگلے ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے قبل کوچنگ اسٹاف میں تبدیلیاں کیں گئیں ہیں، دورہ ویسٹ انڈیز میں اینڈریو اسٹراس عبوری کوچ ہوں گے۔
اس سے قبل ٹیم ڈائریکٹر ایشلے جائلز نے بھی ایک دن پہلے عہدہ چھوڑ دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: محمد حسنین کا بولنگ ایکشن غیرقانونی قرار، انٹرنیشنل کرکٹ سے معطل
ای سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ٹام ہیریسن نے کرس سلور ووڈ کو عظیم آدمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرس نے انگلش ٹیم کو کامیابیاں دلانے کے لئے سب کچھ کیا، اس عظیم شخص کے ساتھ کام کرتے ہوئے کھلاڑیوں اور اسٹاف نے لطف اٹھایا۔
عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سلور ووڈ نے کہا کہ انگلینڈ کا ہیڈ کوچ بننا ایک مکمل اعزاز کی بات ہے اور مجھے اپنے کھلاڑیوں اور عملے کے ساتھ کام کرنے پر بہت فخر ہے۔
واضح رہے کہ سلور ووڈ کو 2019 میں اسسٹنٹ کوچ سے ترقی دے کا ہیڈ کوچ بنایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کو 2021-22 کی ایشز سیریز میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 0-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔